ہجرت کے نظم و نسق کو بہتر بنانا اور انسانی اسمگلنگ و تجارت کی روک تھام نیٹ ورک کا بنیادی مقصد
انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات ، 1550 ہیومن ٹریفکرز کو گرفتار، 53 موسٹ وانٹڈ کو ریڈ نوٹس اور 28 ہزار کے قریب مشکوک آف لوڈ کیا گیا، پاکستان کا یو این نیٹ ورک کا خیرمقدم

اسلام آباد ( نمایندہ خصوصی) اسلام آباد میں اقوام متحدہ نے پاکستان یونائیٹڈ نیشنز نیٹ ورک آن مائیگریشن کا افتتاح کر دیا۔اس نیٹ ورک کا مقصد ہجرت کے نظم و نسق کو بہتر بنانا اور انسانی اسمگلنگ و تجارت کی روک تھام ہے۔یہ اقدام عالمی معاہدہ برائے منظم ہجرت اور 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کے مطابق ہے۔تقریب کی میزبانی اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کی۔
پاکستان میں مائیگریشن ملٹی پارٹنر ٹرسٹ فنڈ پروگرام کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔یہ پروگرام انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور یو این او ڈی سی مشترکہ طور پر چلا رہے ہیں۔منصوبے کا مقصد حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر اجتماعی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کے مطابق نیٹ ورک ہجرت کے بیانیے کو مثبت انداز میں بدلنے کا ذریعہ ہوگا۔یہ پلیٹ فارم تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جدت کو فروغ دے گا۔تقریب میں یو این مائیگریشن نیٹ ورک سیکرٹریٹ کے سربراہ جوناتھن پرینٹس کا ویڈیو پیغام بھی شامل تھا۔
تقریب میں پاکستان کی وزارت خارجہ، داخلہ، اوورسیز پاکستانیز سمیت انسانی حقوق کمیشن کے ذمہ دار شریک ہوئے، پاکستان نے اقوام متحدہ کی چھتری تلے اس نیٹ ورک کے اقدامات اور پاکستان اس نیٹ ورک کا خیر مقدم کیا، وزرات داخلہ کی جانب سے بتاتا گیا کہ پاکستان نہ صرف انسانی سمگلنگ کا مخالف، متاثر بلکہ اس کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے۔ ملک میں حالیہ واقعات کے بعد غیر قانونی ہیومن ٹریفکرس اور اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا،حکومت نے 1550 ہیومن ٹریفکرس کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 53 موسٹ وانٹڈ ٹریفکرز کو ریڈ نوٹس میں شامل کیا گیا جبکہ ان ہیومن ٹریفکرس اور اسمگلرز کے بئنک اکاونٹس اور جائیداد منجمند کی گئیں،وزارت داخلہ خصوصاً ایف آئی اے اس حوالے سے متحرک ہے، ہم نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اپنی نگرانی کو مزید سخت کیا ہے، 2024ء میں پاکستان نے 28 ہزار کے قریب لوگوں کو آف لوڈ کیا-
