علامہ احمد اقبال رضوی کی وفد کے ہمراہ علامہ ساجد علی نقوی سے ملاقات، رہبر انقلاب کی شہادت پر تعزیت
یوم القدس اور تکریم شہدا کے مشترکہ پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے مقامِ معظم رہبری آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت، برادر اسلامی ملک جمہوری اسلامی ایران پر اسرائیل و امریکہ کی جاری غیر انسانی جارحیت اور موجودہ قومی، ملی و بین الاقوامی صورتِ حال کے تناظر میں قائدِ ملت جعفریہ پاکستان و سربراہ اسلامی تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی سے اہم ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کی، جبکہ وفد میں مجلس علمائے اہلبیتؑ کے رہنما اور مرکزی کابینہ کے رکن علامہ سید حسنین عباس گردیزی اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران مقامِ معظم رہبری کی المناک اور عظیم الشان شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔ شہدائے اسلام کے ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی گئی اور نو منتخب جانشینِ رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے ساتھ تجدیدِ عہد اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے قائدِ وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سلام اور شہید رہبر کی تعزیت علامہ سید ساجد علی نقوی تک پہنچائی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایران کے خلاف جاری اسرائیلی و امریکی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفد کے ساتھ مشترکہ طور پر یوم القدس اور شہداء کی تکریم کے لیے ملک گیر سطح پر بڑے اجتماعات کے انعقاد پر اصولی اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا جو عوامی طاقت کو منظم کرتے ہوئے شہداء سے اظہارِ یکجہتی اور قومی و دینی ذمہ داری کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔ قائدِ تحریک و نمائندہ ولی فقیہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ہر سطح پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس کے اختتام پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے دعا کروائی اور وفد کو الوداع کیا۔
