سکندر مومنی کے اعلیٰ سطحی وفد میں غیر معمولی شخصیات شامل
پاکستان پہنچنے پر والہانہ استقبال، کئی اہم امورپر تبادلہ خیال، اہم ملاقاتیں شیڈول

اسلام آباد : ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی جو گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے ہیں، ان کی آمد سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ،ایرانی سفیر امیری رضا مقدم سمیت اعلیٰ حکام پہلے سے نور خا ن ایئر بیس پر موجود تھے۔ سکندر مومنی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی دعوت پر پاکستان کے دوروزہ سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرحدی سلامتی اور زرعی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی ۔
ایران سے آئے وفد میں داخلہ، خارجہ، شہری ترقی، زراعت کی وزارتوں کیساتھ ساتھ ایران کی قانون نافذ کرنیوالی فورس اور کسٹمز کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔ ایک بین الاقوامی خبررساں ادارے نے ایرانی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفد میں وزارتِ پیٹرولیم، صنعت، معیشت و خزانہ کے نمائندے اور صوبہ سیستان و بلوچستان کے سینئر حکام بھی شامل ہیں۔دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سرحدی تعاون کو مضبوط بنانے، اقتصادی، ٹرانزٹ اور زرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔یہ دورہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اس ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں ایران اور پاکستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم کو تین ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

