نماز جنازہ ،تہجیز و تکفین آبائی علاقے ملہووالی تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک میں ادا کی گئی
نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں علمائ، مشائخ،عمائدین علاقہ، اہل سنت و اہل تشیع عوام و مذہبی شخصیات کی شرکت
ملکی، بین الاقوامی شخصیات، سفراء، سیاسی قائدین کی ملاقاتیں، اظہار تعزیت
علامہ ساجد نقوی سے گورنر پنجاب، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی رہنماﺅں کی تعزیتی ملاقاتیں
پاپائے روم پوپ لیو، کیتھولک چرچ کی جانب سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کےلئے تعزیتی پیغام
پاکستان سمیت دنیا بھرکے مظلوموں کےلئے ہمیشہ آپ نے تواناآواز بلند کی، علامہ ساجد نقوی کے نام پوپ کا پیغام
جے یو پی، مجلس وحدت مسلمین، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، بیداری امت مصطفی کی قیادت کے بھی تعزیتی پیغامات
تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام ، اہم شخصیات کے علاوہ غیر مسلم کمیونٹی کی جانب سے بھی اظہارتعزیت
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی رہائش گاہ پر مسلسل سیاسی قائدین، مذہبی رہنماﺅں، سیاسی شخصیات، تنظیمی عہدیداروں اور عوام کی کثیر تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری
اسلام آباد/پنڈی گھیب (نمائندگان خصوصی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی زوجہ سیدہ زینب الکبریٰ انتقال کرگئیں جو کچھ عرصہ سے علیل تھیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان کے آفس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ان کی پہلی نماز جنازہ اسلام آباد کی مرکزی مسجد و امام بارگاہ الصادق ٹرسٹ میں ادا کی گئی

اور بعد ازاں میت کو آبائی علاقے منتقل کردیاگیا۔ اسلا م آباد نماز جنازہ میں بھی راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شخصیات، علمائے کرام، سیاسی زعما، ماتمی انجمنوں اورمختلف مساجد و امام بارگاہوں کے متوالیان سمیت اہل تشیع و اہل سنت کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پڑھائی۔ بعدازاں آبائی علاقے موضع ملہووالی تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد تہجیز و تکفین کردی گئی جہاں عمائدین علاقہ، علمائے کرام،اہل سنت و اہل تشیع سمیت عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔

نماز جنازہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پڑھائی ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اہلیہ کی رحلت کی خبر ملتے ہی عوا م کی کثیر تعدادراولپنڈی اور ملہووالی میں انکی رہائش گاہو ں پر جمع ہوگئی اور تعزیت ، تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق علامہ سید ساجد علی نقوی سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور دیگر پیپلزپارٹی کے رہنما ان کی رہائش گاہ آئے اور اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔

پاکستان میں ایران کے سفیر امیری رضا مقدم اور ان کے اعلیٰ سطحی سفارتی وفد اور خانہ فرہنگ کے عہدیدار وں نے بھی تعزیت کی

مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی وفد صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں تعزیت کیلئے انکی رہائش گاہ پہنچا،

علامہ عارف حسین الحسینی شہید کے فرزند مولانا سید علی حسین الحسینی نے ایک وفد کے ہمراہ تعزیت کی، راولپنڈی، اسلام آباد سے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی تعزیت کےلئے علامہ ساجد نقوی کی رہائش گاہ پر آئے ۔ علامہ سید حامد علی شاہ کے موسوی مرحوم کے صاحبزادے سید مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ نے اپنے خاندان کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ مولانا شاہ اویس نورانی ، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر مولانا ابوالخیر محمد زبیر، شیعہ علماءکونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، نائب صدر شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے علامہ سید ساجد علی نقوی سے اظہار تعزیت کیا۔

مقبوضہ کشمیر سے آغا سیدحسن موسوی الصفوی صدر انجمن شرعی شیعان سری نگر جموں و کشمیر کی جانب سے بھی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ان کی زوجہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیاگیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اپوزیشن لیڈر سینیٹ راجا ناصر عباس جعفری کی جانب سے بھی تعزیتی پیغام جاری کیاگیا جبکہ بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ جوادنقوی کی جانب سے بھی تعزیت کی گئی ،عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف و کربلائے معلی میں بزرگ علمائے کرام، اساتذہ( و مدرسین) اور طلباءکی جانب سے تعزیتی پیغامات بھجوائے گئے جبکہ ایران میں مشہد اور قم سے بھی تعزیتی پیغامات بھجوائے گئے ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان سے بزرگ عالم دین حافظ ریاض حسین نجفی، معروف عالم دین علامہ امین شہیدی،علامہ افضل حیدری ، علامہ شہنشاہ حسین نقوی، سید راحت حسین الحسینی سمیت دیگر مذہبی و علمی شخصیات ،مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان ، انجمن امامیہ گلگت بلتستان سمیت دیگر مذہبی، صحافتی ، ثقافتی اور سماجی اداروں کے سرکردہ رہنماﺅں نے فرداً فرداً اظہار تعزیت کیا
ادھر مختلف صحافیوں ، علماء، سیاسی شخصیات، تنظیمی عہدیداروں سمیت ملک بھر سے تعزیتی پیغامات اور وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے کیتھولک چرچ کی جانب سے پاپائے روم پوپ لیو کے پاکستان میں اسلامی امور کے ایڈوائزر کرسٹوفر شیرف نے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے علامہ ساجد نقوی کی اہلیہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ اور ان کے فرزندان ڈاکٹر عون ساجد اور عباس ساجد کو کیتھولک چرچ اور پاپائے روم کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام پہنچایا اور کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کےلئے آپ نے ہمیشہ توانا آواز بلند کی اور پاکستان میں تمام مکاتب فکر کیساتھ غیر مسلموں کے حقوق کےلئے بھی آپ کے اقدامات، پیغامات اور خدمات قابل قدر ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان سے مجمع جہانی اہل بیت کی جانب سے سیکرٹری جنرل حجت السلام علامہ رضا رمضانی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں آپ کیساتھ برابر کے شریک ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان سے پاکستان وکلاءکونسل کی جانب سے بھی اظہار تعزیت کیاگیا ، پاکستان وکلاءکونسل نے ورکنگ کمیٹی اجلاس میں تعزیتی قرارداد بھی منظور کی۔

