ڈی ایس ایل سیزن فور کے کامیاب انعقاد پر اہلیان علاقہ میں خوشی کی لہر
ایسے ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے اور نئی نسل کو برائیوں سے بچانے کی جانب اہم قدم، آصف علی ملک
مستقبل میں بھی نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے مزید توانائیاں صرف کی جائیں گی، منتظمین کا اعلان
اسلام آباد / ڈھلیاں شہر ( انتظار حیدری) ڈھلیاں کرکٹ لیگ کے چوتھے کامیاب ٹورنامنٹ کا انعقاد، ڈھلیاں سٹارز اور ڈھلیاں قلندرز میں کانٹے دار مقابلے بعد قلندرز نے میدان مار لیا، مہمان خصوصی آصف علی ملک نے کامیاب ٹیم کو ٹرافی اور انعامات سے نوازا، رنر اپ ٹیم کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر مسلسل چوتھے حاجی یعقوب میموریل ٹورنامنٹ ڈھلیاں سپر لیگ کا انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد ڈھلیاں کے معروف کرکٹ گراؤنڈ العباس کرکٹ گراؤنڈ میں کیا گیا جس میں ڈھلیاں شہر کی چھ ٹیموں ڈھلیاں کنگ، ڈھلیاں قلندر، ڈھلیاں واریئرز، ڈھلیاں سٹائلرز، ڈھلیاں سٹارز اور ڈھلیاں یونائیٹڈ نے حصہ لیا، سپر لیگ کے فائنل راؤنڈ میں دو ٹیموں ڈھلیاں سٹارز اور ڈھلیاں قلندرز نے جگہ بنائی۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے گرد نواح سے بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی اور اپنی اپنی فیورٹ ٹیموں کو بھرپور داد کیساتھ حوصلہ افزائی کی۔ ڈی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میچ کے مہمانان خصوصی سابق پارلیمانی سیکرٹری و ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آصف علی ملک، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سردار بلال فردوس اور سید تابع شاہ تھے جبکہ اہلیان علاقہ کیساتھ ممتاز بھٹو، علی یوسف، علی چھوٹا، فیضان نواز، سراج بنٹو، ساجد محمود، ریاض فیاض سمیت معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

ڈھلیاں قلندرز اور سٹارز کے درمیان کانٹے دار مقابلے میں ڈی ایس ایل 2026ء سیزن فور کی ٹرافی قلندرز نے اپنے نام کرلی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی آصف علی ملک ایڈووکیٹ، سید رضا حیدر ایڈووکیٹ نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور انعامات سے نوازا جبکہ رنر اپ کی حوصلہ افزائی سردار بلال فردوس ایڈووکیٹ اور سید تابع شاہ نے کی۔ ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز شاہمیر یعقوب قرار پائے جبکہ بہترین باؤلر کا اعزاز شفیق الرحمن نے اپنے نام کیا۔ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کیساتھ 20 ہزار روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی کیساتھ 10 ہزار روپے نقد کے انعامات کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں بھی انعامات، کرکٹ کٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آصف علی ملک کا کہنا تھا خرافات کے دور میں اس طرح کی صحت مند سرگرمی سے ایک طرف نوجوانوں کو نہ صرف مثبت جانب گامزن کیا جاسکتا ہے بلکہ اس طرح کے ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے، حوصلہ، اعتماد اور آگے بڑھنے کی لگن پیدا کرنے کا سبب بھی بنتے ہیں جس پر تمام ٹیموں اور ٹورنامنٹ منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

تقریب کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے انعقاد کرنے والی مینجمنٹ ٹیم ہیڈ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ سید رضا حیدر اور الیاس یوسف نے مہمانان خصوصی، معززین علاقہ، تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اہلیان علاقہ کا شرکت کرکے ٹورنامنٹ کو چار چاند لگانے اور اسے کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے جس حد تک ممکن ہوا اپنی توانائیاں مستقبل میں بھی بروئے کار لائی جائیں گی۔

