برطانیہ کے علاقے آئل آف وائٹ میں پیر کی صبح ایک ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
ہیمپشائر پولیس کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 24 منٹ پر وینٹنور کے قریب شینکلن روڈ کے ایک کھیت میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد ایئر ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں۔
ہیلی کاپٹر رابنسن R44 II ماڈل کا تھا جس کی ملکیت نارتھمبریا ہیلی کاپٹرز کے پاس ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ پرواز سینڈاؤن ایئرپورٹ سے صبح 9 بجے اڑی تھی اور اس میں 4 افراد، بشمول پائلٹ، سوار تھے۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔
ہیمپشائر اور آئل آف وائٹ ایئر ایمبولینس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں یونیورسٹی اسپتال ساؤتھمپٹن کے میجر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر زمین پر گرنے سے قبل گھومتے ہوئے ایک جھاڑی سے ٹکرایا۔ خوش قسمتی سے کسی گاڑی یا راہگیر کو نقصان نہیں پہنچا، حالانکہ یہ سڑک اس وقت سیاحوں کی وجہ سے خاصی مصروف تھی۔
حادثے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ ایئر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی رکن پارلیمان جو رابرٹسن نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ پورے علاقے کے لیے صدمے کی خبر ہے۔ میری دلی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے۔