مسعود پزشکیان کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس،ہر ممکن مدد کی پیشکش ، وزیراعظم کا مشکل گھڑی میں اظہار یکجہتی پر ایرانی صدر و عوام سے اظہار تشکر
وزیراعظم کا ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے گہرے احترام اور نیک خواہشات کا پیغام
اسلام آباد/تہران ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر عزت مآب ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کا ٹیلی فونک رابطہ۔ صدر پیزیشکیان نے پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایرانی صدر نے حالیہ سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کے برادر عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ وزیر اعظم نے صدر پیزشکیان کی جانب سے ہمدردی و یکجہتی کے اظہار اور ایران کی طرف سے دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے گہرے احترام اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ دونوں رہنماؤں نے چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ملاقات و گفتگو کے حوالے سے مثبت خیالات کا بھی اظہار کیا۔
