
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں کے اندر سے سہولت کاری ختم ہوتے ہی انصاف ہوتا نظر آئے گا۔
اپنے ویڈیو بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ آج کل پھر پی ٹی آئی کی جانب سے بڑا شور مچایا جارہا ہے کہ ہمارے ساتھ 9 مئی کے کیسز میں بڑی ناانصافی ہوئی ہے، ناانصافی آپ کے ساتھ نہیں ہوئی، آپ نے 9 مئی کو ظلم کیا ہے اور اس کے بعد آپ اس کو ایک انقلاب اور کامیاب بغاوت کا اعلان کرکے اپنی فتح کا اعلان کرتے رہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی 77سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے انتشاری جماعت بن کے یہ سب کچھ کیا ہے، کون اس بات کو رد کرسکتا ہے کہ 9مئی پی ٹی آئی نے نہیں کیا یا 9مئی کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی پورے صلاح، مشورے اور منصوبہ بندی سے ہوا ہے اور یہ منصوبہ بندی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سربراہی میں ہوئی، اعلان کیا گیا کہ جو احتجاج میں شرکت کرے گا اسی کو الیکشن میں ٹکٹ ملے گا اور اسی کو پی ٹی آئی میں نوازہ جائے گا، اس احتجاج کے لیے مقررہ اہداف دیے گئے۔
’یہ مقررہ اہداف دفاعی تنصیبات تھیں، کوئی ایک جگہ نہیں تھی، درجنوں جگہوں پر ایک ہی وقت میں حملہ کیا گیا، اس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی گئی، جگہوں کی نشاندہی کی گئی ، کیا تقریر کرنی ہے اور کیا مسیج دینا ہے، اس کا بھی فیصلہ کیا گیا۔‘