

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے پارٹی کو قائمہ کمیٹیوں کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان سے تمام بہنوں کی ملاقات 4 ماہ بعد کرائی گئی، ہم کارکنان کے شکر گزار ہیں جو یہاں ہمارے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، تاہم ان کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے، اس کے لیے ہم عدالت میں درخواست دے رہے ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ آج ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے ان کے بچوں کا پوچھا کہ کیا ان کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے فیملی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی بھی ملاقات ہوئی ہے، جن میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور دیگر شامل ہیں۔ عمران خان نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ مسترد کردیا۔