صفائی پر کوئی کمپرو مائز نہیں، تحصیل منیجر علی رضا مغل کی ورکرز کو ہدایات، گلی، محلوں، مساجد کے اطراف، قبرستانوں، بس اسٹینڈز اور بازاروں کا دورہ

پنڈی گھیب ( )چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی ہدایت پر تحصیل پنڈی گھیب میں زیرو ویسٹ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے کاوشیں تیز کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں تحصیل مینیجر آر ڈبلیو ایم سی علی رضا مغل کی قیادت میں صفائی کے انتظامات مزید سخت مانیٹرنگ کے ساتھ جاری ہیں اور شہر کی صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق علی رضا مغل مختلف اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کر رہے ہیں جہاں وہ گلی محلوں، بازاروں، مساجد، قبرستانوں، بس اسٹینڈ اور دیگر اہم مقامات پر صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیتے ہیں۔ دوروں کے دوران حاضری، ورکنگ اسٹاف کی کارکردگی اور صفائی کے معیار کو خصوصی طور پر چیک کیا جا رہا ہے۔
علی رضا مغل نے موقع پر موجود ورکرز کو ہدایت کی کہ مینوئل سویپنگ، ویسٹ لفٹنگ اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے کام میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ محنتی اور ذمہ دار ورکرز کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔تحصیل مینیجر نے بتایا کہ شہر میں دن اور رات کی شفٹوں میں مسلسل صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ شہر کو مکمل طور پر زیرو ویسٹ کی جانب لے جایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کے لیے سڑکوں پر پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے جبکہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ علی رضا مغل نے کہا کہ سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر کی واضح ہدایات ہیں کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت صفائی کے تمام امور کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور شہر کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی سے متعلق شکایات یا تجاویز کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
