
کھیل کو کھیل رہنے دو، ہاتھ نہ ملا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہو؟؟؟

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق کرکٹر کپتان محمد اظہرالدین نے بھارتی بلے باز سوریہ کمار یادیو اور ٹیم انڈیا کے رویے پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت میچ کے موقع پر بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا، جو کہ کھیل کی اصل روح کے منافی ہے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ میدان میں رویے سے بھی دنیا کو مثبت پیغام دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کا ذریعہ رہی ہے۔

کچھ روز قبل معروف کرکٹ براڈکاسٹر اشیش رائے نے پاک بھارت میچ کے دوران رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا انہوں نے کہا کہ یہ سراسر منافقت ہے کہ میچ کھیلا جائے لیکن مخالف ٹیم سے مصافحہ نہ کیا جائے۔
اشیش رائے نے بیان میں کہا کہ پاک بھارت میچ کرکٹ کے اصل جذبے کے مطابق نہیں کھیلا گیا، اور اس صورتحال کا موازنہ نسل پرستی کے دور سے کیا، جب غیر سفید فارم والی ٹیمیں ساؤتھ افریقا کے خلاف نہیں کھیلتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ٹیم نے مقابلے میں حصہ لینا ہے تو کھیل کی روح کے مطابق برتاؤ کرنا چاہیے، اور افسوسناک ہے کہ بھارتی کرکٹ حکام نے حکومت کے دباؤ پر غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔
براڈکاسٹر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کرکٹ بورڈز اور ایم سی سی سے بھی درخواست کی کہ کرکٹ کے میدان میں کشیدگی کو روکا جائے۔