راولپنڈی شہر کو نالہ لئی کی تباہ کاریوں سے بچانے کےلئے عشروں سے کاغذی کوششیں
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) نالہ لئی کومحفوظ بنانے اور راولپنڈی شہر کو اس کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے کئی عشروں سے کاغذی کوششیں جاری ہیں،راولپنڈی شہر کے درمیان سے گزرنے والا نالہ لئی ہرسال مون سون میں شہریوں کے باعث زحمت بنتا ہے،ہر سال اس کی تباہ کاریوں سے شہر کو محفوظ بنانے کیلئے منصوبہ بندیاں ہوتی ہیں،آج تک کوئی مستقل حل نہیں نکالاجاسکا،اب ایک بار پھر نالہ لئی کی استعداد میں اضافے اور بروقت پیشگی اقدامات کے سلسلے میں کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس ہوا،جس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ، نیسپاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں مون سون بارشوں، اربن فلڈنگ اور خصوصاً نالہ لئی کی موجودہ صورتحال، پانی کے بہاؤ کی استعداد، فلڈ فورکاسٹنگ اور وارننگ سسٹم، نالہ لئی کی صفائی اور ڈی سلٹنگ سمیت ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی ،فاطمہ جناح پارک میں بارشی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینکس بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نالہ لئی کی مجموعی لمبائی تقریباً 17 کلومیٹر ہے جبکہ پانی کے بہاؤ کی موجودہ گنجائش نیو کٹاریاں کے مقام پر تقریباً 20 ہزار کیوسک، گوالمنڈی کے مقام پر 33 ہزار کیوسک اور چکلالہ کے مقام پر 35 ہزار 600 کیوسک ہے۔
بشکریہ جنگ
