47

بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو بزدل ملک قرار دیدیا

رات کو حملہ چور کرتے ہیں، انڈیا میں ہمت ہے تو دن کو ہمارا مقابلہ کرے، بلاول بھٹو زرداری

ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر بلاول بھٹو زرداری کی مسلح افواج کو داد تحسین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان اور وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ رات بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے لیے تعزیت کو دہرانا چاہتے ہیں۔چیئرمین بلاول نے کہا کہ پوری قوم ان مرد، خواتین اور بچوں کے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے جو گزشتہ رات بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہوئے۔ یہ شہادتیں کسی جنگ کے دوران نہیں ہوئیں بلکہ یہ نقصان بھارت کی سفاکانہ جارحیت کا براہ راست نتیجہ ہیں۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ صرف چور اور بزدل رات کے اندھیرے میں حملہ کرتے ہیں۔ اگر ان میں تھوڑی بھی ہمت ہوتی تو وہ دن کی روشنی میں حملے کا اعلان کرتے۔ انہیں ہمارے سپاہیوں اور فوج کا سامنا کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے رات کے اندھیرے میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ ہم کب تک دہشتگردی کے بہانے سنتے رہیں گے؟ یہ 2001 ءیا 2003ءنہیں ہے، دنیا اب چند ممالک کی جانب سے کسی خاص مذہب کے ماننے والوں کو دہشتگرد قرار دینے کو قبول نہیں کرے گی۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان نے دو ہفتے تک ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کو صبر سے سنا۔ وزیر اعظم نے بھارت کو عالمی سطح پر غیرجانبدار تحقیقات کا چیلنج دیا، کیونکہ اسلام آباد جانتا ہے کہ وہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث نہیں تھا۔ ”کشمیر کا مقصد بہت اعلیٰ ہے، ہمارے ساتھ سچ، انصاف اور تاریخ ہے،“ چیئرمین بلاول نے کہا۔ دہشتگردی بزدلی کی ایک قسم ہے۔ پاکستان اور کشمیری عوام کو دہشتگردی کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ بھارت جھوٹ اور فریب کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، چیئرمین بلاول نے عزم ظاہر کیا۔چیئرمین پی پی پی نے بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے پاکستانی افواج نے ایسے گرائے جیسے مچھر ہوں۔ ہم ان کی جارحیت کا اسی انداز میں جواب دیتے رہیں گے۔ بھارت آبادی اور دولت کے لحاظ سے بڑا ملک ہو سکتا ہے، لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے، ”جتنا بڑا دشمن، اتنی ہی بڑی شکست“۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ بھارت غرور میں اندھا اور وحشی ہو چکا ہے، لیکن پاکستان کے بہادر عوام اسے حقیقت دکھائیں گے۔ ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں اور نہ کبھی رہے، لیکن بھارت تیار رہے، کیونکہ پاکستان نے ابھی جواب نہیں دیا، اور یہ جواب رات کے اندھیرے میں یا جھوٹ کی بنیاد پر نہیں ہوگا، بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دیا جائے گا۔ پاکستان کو اس حملے کا جواب اپنے وقت اور جگہ پر دینے کا پورا حق حاصل ہے۔چیئرمین بلاول نے کہا کہ ہر پاکستانی، چاہے وہ حکومتی بینچز سے ہو یا اپوزیشن سے، وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیرجانبدار تحقیقات کااعادہ کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف مجرموں کو بے نقاب کیا جائے بلکہ ایک ایسا قابل قبول فورم قائم ہو جو مستقبل میں ممکنہ تنازعات کے لیے مثال بن سکے۔ پاکستان دہشتگردی کے خلاف صرف بین الاقوامی دباو¿ یا بھارت کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی عوام کو بچانے اور اپنے شہداءکے خون کو رائیگاں نہ جانے دینے کے لیے تیار ہے۔ ”کب تک بھارت اور پاکستان اپنی تقدیر دہشتگردوں کی خواہشات کے سپرد کرتے رہیں گے؟ کیوں بھارتی مقبوضہ کشمیر یا کسی اور جگہ دہشتگردی کے واقعات بھارت کو پاکستان پر حملے کا بہانہ دیں، اور ہم جوہری جنگ کے دہانے پر پہنچ جائیں؟“ چیئرمین بلاول نے کہا۔ پاکستان کے پاس دشمن کے ہر حملے کا اسی طرح جواب دینے کی صلاحیت ہے جیسا کہ گزشتہ رات دیا۔ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان، دوسروں کی طرح ایسے حملوں کے بعد خاموش رہے گا۔ پاکستان زندہ باد، چیئرمین پی پی پی نے نعرہ بلند کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں