
اٹھاسی ہزار 301 پاکستانی عازمین سرکاری جبکہ 27 ہزار 12 نجی طور پر فرائض حج ادا کرینگے، 63 ہزار کا کوٹہ استعمال نہ ہوسکا

مکۃ المکرمہ (نمائندہ خصوصی )مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گا ، دنیا بھر سے 14 لاکھ 70 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب فریضہ حج کیلئے پہنچ چکے ہیں جن میں اکثریت منیٰ پہنچ چکے ہیں اور کچھ راستے میں ہیں جبکہ 88 ہزار 301 سرکاری 27 ہزار 12 پاکستانی نجی سکیم کے تحت حج ادا کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق مکہ سے پاکستانی عازمین حج احرام میں رات عزیزیہ، نسیم اور بطحا قریش سے منیٰ پہنچے جبکہ بعض آج پہنچ جائینگے۔ پاکستانی عازمین عزیزیہ ، نسیم اور بطحا قریش سے بسوں میں منیٰ پہنچے۔ عازمین رہائشگاہ سے احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نفل ادا کر کےحج کی نیت کرکے نکلے ۔ عازمین حج آج منیٰ میں ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے

عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم ، وقوف کے لئے میدان عرفات روانہ ہونگے نو ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کرینگے۔ اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔ حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گذارنےکے بعد 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہونگے
حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے۔ حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔ رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہونگے طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کرینگے۔ 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے مکہ اپنی رہائشگاہ روانہ ہوجائیں گے۔ کچھ حجاج کرام 12 ذوالحجہ اور کچھ 13ذوالحجہ کو رمی کے بعد اپنی رہائشگاہ روانہ ہونگے
ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق پاکستانی عازمین کو منی روانگی کیلئے سعودی سرکاری کمپنی سے 442 بسیں ملی ہیں۔ پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں حاصل کی ہیں نجی کمپنی کی بسیں بھی پاکستانی عازمین حج کو مکہ سے منی پہنچائیں گی،ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق منی روانگی کا عمل گزشتہ رات عشاء تا آج ظہر تک جاری رہے گا۔ مشاعر کے دوران 25 ہزار 861 عازمین بسوں سے روانہ ہونگے ۔ 62 ہزار پاکستانی عازمین ٹرین کے ذریعے مشاعر کا سفر کریں گے، جمرات سے حرم کیلئے سرنگوں کے ذریعے 4 کلومیٹر رستہ پیدل طے ہو گا۔ پاکستانی عازمین جمرات سے حرم کیلئے سعودی شٹل سروس بھی استعمال کرسکیں گے۔
