کنٹریکٹرز نے ادویات کی سپلائی بند کردی
ادویات کےلئے مختص فنڈز کی خطیر رقم کی ریلیز نہ ہوسکی

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک )راولپنڈی کے تینوں بڑے سرکاری اسپتالوں میں اگلے ماہ سے مفت ادویات کی فراہمی خطرے میں پڑ گئی، ادویات کےلئے چار ارب روپے مختص کئے گئے مگر اب تک صرف ایک ارب روپے ریلیز کئے گئے، رقم ریلیز نہ ہونے پر کنٹریکٹر ز نے ادویات کی سپلائی بند کردی۔

روزنامہ جنگ میں شائع ایک رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کے مختص فنڈز اور کنٹریکٹرز کو واجبات نہ ملنے کی صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی جبکہ بجٹ لیپس ہونے میں صرف ایک ماہ رہ گیاہے، موجودہ مالی سال کےلئے تینوں اسپتالوں کےلئے ادویات کےلئے چار ارب روپے مختص کئے گئے مگر اب تک صرف ایک ارب روپے ہی ریلیز ہوسکے ادویات کی خریداری اس یقین دہانی پر ادھار پر چلتی رہی کہ مئی میں رقم ریلیز ہوجائےگی رقم جاری نہ ہونے پر کنٹریکٹرز نے ادویات کی سپلائی بند کردی۔ اگلے ماہ ادویات ملنا ممکن نہیں رہا ۔ ادھر عوامی حلقوں میں اس صورتحال کے بعد تشویش پیدا ہوگئی ہے اور انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ عوام کو مفت ادویات کی سہولت ختم نہ ہونے دی جائے۔ بشکریہ جنگ

