قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کو قائد مسلم لیگ ن کا اہم پیغام
وفاقی حکومت کی جانب سے بھی سفارتکاری کی بھرپور حمایت پر وزیراعظم کا علامہ ساجد نقوی سے اظہار تشکر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ملاقات کی ۔

مسلم لیگ ن کے وفد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءا۔۔وفاقی وزیر امیر مقام اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق ، ذیشان نقوی و دیگر شامل تھے۔ ملاقات کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان انتخابات،ملکی سیاسی صورتحال، خطے کے امورتھے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اسلامی تحریک کیساتھ گلگت بلتستان میں سیاسی اتحاد کی پیشکش کی جبکہ جی بی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش ن لیگ کی جانب سے کی گئی۔
ذرائع کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان و سربراہ اسلامی تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ گلگت بلتستان انتخابات سمیت دیگر امور پر پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کرینگے البتہ مذاکرات کےلئے دونو ں جماعتوں نے فوکل پرسن مقرر کردیئے۔ن لیگ کی جانب سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام جبکہ اسلامی تحریک کی جانب سے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر میثمی ہونگے۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کا قائد ملت جعفریہ پاکستان کے نام خصوصی پیغام بھی پہنچا ہے جبکہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کی طرف سے بھی اظہار تشکر کیاگیاہے ۔خطے کی صورتحال خصوصاً ایران امریکہ کے درمیان پاکستان کی بھرپور سفارتکاری میں بھرپور تائید پر وزیراعظم نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی سے اظہار تشکر کیا ۔ وفاقی حکومت کا پیغام وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام اور قیادت کا پیغام رانا ثناءا للہ نے پہنچایا۔

