پاکستان کی مسلح افواج کی توصیف اور امن و مذاکرات کے عزم میں قراردار قومی اسمبلی میں متفقہ منظور
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایوان نے متفقہ قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستانی قوم کو بلا جواز اور ننگی بھارتی جارحیت کے خلاف مادر وطن کی ارضی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے عزت اور وقار عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر جھکاتا ہے۔پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر سیاسی میدان میں اپنی قیادت کے پیچھے ایک آواز کے ساتھ کھڑی ہے -پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو غیر معمولی تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کرنے میں ان کی مثالی پیشہ وارانہ مہارت، چوکسی اور حوصلے کو سراہتا ہے۔مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اور قومی فخر، لچک اور اتحاد کی علامت کے طور پر ان کی عظیم قربانی کا اعتراف کرتا ہوں۔اس نازک موڑ پر پاکستان کی حمایت پر دوست ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔وقار اور عزت کے ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنے عہد کا اعادہ کرتا ہے، اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ جمہوریتیں تنازعات کے بجائے مذاکرات کے لیے پرعزم ہیں۔ لہٰذا، یہ بات نمایاں ہے کہ جنوبی ایشیا میں محفوظ ہمسائیگی اور طویل مدتی استحکام صرف مخلصانہ اور منظم مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔حکام پر زور دیتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی کوششوں میں عالمی برادری کو فعال طور پر شامل کریں۔سندھ طاس معاہدے کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتا ہے، اور قومی سلامتی کے ایک اہم جز کے طور پر پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کی تصدیق کرتا ہے۔ قرار داد دیتا ہے کہ یہ ایوان قومی مفاد کے تحفظ اور امن، اتحاد اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔