پاکستانی بھائیوں کو ان کے صبر و تحمل اور دانشمندانہ موقف پر ایک بار پھر مبارک پیش کرتا ہوں، صدر اردوان
انقرہ (خصوصی رپورٹ) دوست ملک ترکیہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی واضح اور دو ٹوک حمایت کا اعلان کردیا، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا برادر پاکستانی قوم کے ساتھ اپنی حمایت کا واضح اعلان ۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر ہمیں خوشی ہے، ہم نے کشمیر میں وحشیانہ دہشت گرد حملے اور پاکستان پر میزائل حملوں پر واضح موقف کا اظہار کیا، صدر اردوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ جانے والے تناؤ کو کم کرنے کے لیے انتھک کوششیں کیں، صدر اردوان نے مزید کہا کہ اپنے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا، ان سے اہم گفتگو ہوئی، پاکستانی بھائیوں کو ان کے صبر و تحمل اور دانشمندانہ موقف پر ایک بار پھر مبارک پیش کرتا ہوں، صدر اردوان نے مشورہ دیا کہ پاکستان اور بھارت اشتعال انگیزی میں نہ پھنسیں، خواہاں ہیں کہ جنگ بندی سے قائم ہونے والا پرسکون ماحول تمام مسائل، بالخصوص پانی کے مسئلے، کے حل کو آسان بنائے البتہ صدر اردوان نے اپنے دیرینہ تعلقات اور پاکستان کیساتھ خصوصی پیغام دیتے ہوئے پھر عزم دہرایا کہ ترکیہ ان شاء اللہ برادر پاکستانی قوم کے ساتھ ان کے اچھے اور برے دنوں میں کھڑا رہے گا-