آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای دنیائے اسلام کیخلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے، قائد ملت جعفریہ
سپریم لیڈر بارے مجلس خبرگان کا اتفاق رائے سے غیر معمولی فیصلہ ، نتائج مثبت اور دوررس ہونگے، علامہ ساجد نقوی
عالمی امور پر دسترس رکھنے والے رہبر شہید کے فرزند،اسلام کی تواناآواز ثابت ہونگے اور اسلامی نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے
اسلام آباد ( )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مجلس خبرگان کے فیصلے پر اپنے پیغام میں کہاکہ رہبر شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی قوم کے ساتھ امہ کو متحد کرنے کا عظیم فریضہ انجام دیا، انقلاب اسلامی ایران کے نظام کو جڑوں تک محفوظ بنایا جواتنا توانا ہے کہ اغیار کی مسلسل سازشوں اورحملوں کے باوجود وہ اپنے کامیابی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ عالمی امور پر دسترس رکھنے والے رہبر شہید کے فرزند،اسلام کی تواناآواز ثابت ہونگے اور اسلامی نظام کو مزید مضبوط بناکر اسلام کیخلاف صہیونی و سامراجی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی عظیم شہادت کے بعد دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں سمیت امت مسلمہ ایک غم و غصہ کی لہر میں مبتلا ہوئی، ان کی اسلام اور ایران کیلئے37 سالہ خدمات زبان زد عام و خاص ہیں، ان کی ولولہ انگیز قیادت نے سامراج و استعمار و صہیون کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا تھا، امام خمینی کی رحلت کے بعد جس طرح شہید رہبر نے ایرانی عوام کیساتھ ساتھ عالم اسلام کی سربلندی کیلئے شب و روز محنت کی اسکا اثر ان کی مظلومانہ شہادت پر پوری دنیا میں غم و سوگ کی صورت میں سامنے آیا ۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای جیسی بڑی شخصیت کے بعد اُن کی جانشینی جیسا بڑا اقدام یقیناً ایک مشکل ترین مرحلہ تھا خصوصاً جب مسلسل سامراج و صہیون کی جانب سے تجاوز اور حملے جاری ہوں اورسرزمین کے دفاع کا فریضہ انجام دیا جارہاہو ایسے حالات میں مجلس خبر گان نے شہید رہبر کے فرزند ِصالح، عالمی امور پر گہری نگاہ رکھنے والے آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا بالاتفاق انتخاب کرکے مشکل ترین مرحلے کو بہترین انداز میں حل کر دیا۔ اپنے شہید والد بزرگوار کی پرورش و تربیت یہ بڑی ذمہ داری نبھانے میں نہ صرف ممدو معاون ہوگی بلکہ خود آپ کی علمی شخصیت و دوربینی میں نظام انقلاب اسلامی ایران ایک نئے انداز کیساتھ آگے بڑھتے ہوئے عالمی استکبار کی دنیائے اسلام کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہے گا۔

