تمام امن پسند قوتوں کو ظالم و قاتل صہیون و سامراج کے خلاف متحد ہونا ہوگا، علامہ ساجد نقوی
سامراج اور صہیون کے مظالم کے خلاف، آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر پُرامن احتجاج کا اعلان
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اعلامیہ جاری کردیا، یوم جمعہ یوم احتجاج کے طور پر منایا جائیگا

اسلام آباد (پ۔ر )ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے کہاگیاہے کہ ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کےخلاف ، آیت اللہ العظمیٰ ، رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای سمیت اہم شخصیات کی شہادت اور برادر اسلامی ملک کی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی و خطے میں کشیدگی کے خلاف یوم جمعہ 6 مارچ 2026ءیوم احتجاج کے طور پر منایا جائے گا، اجتماعات جمعہ میں آئمہ جمعہ و خطباءنہ صرف خطے کی تازہ ترین صورتحال پر عوام الناس کو آگاہ کرینگے بلکہ مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور صدائے احتجاج بھی بلند کی جائے گی ۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ صہیون و سامراج سے امن کی توقع کرنا عبث اور خام خیالی ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان ایک عرصہ قبل کہہ چکے تھے کہ عالمی سامراج کے سامنے دنیا کا امن نہیں بلکہ اپنے قبیح مفادات ترجیح ہیں اسی وجہ سے تمام بین الاقوامی اداروں ، بین الاقوامی چارٹرز کو روندتے ہوئے ظلم کی وہ تاریخ حالیہ دور میں رقم ہوئی جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کم کم ہی ملتی ہے ۔ترجمان نے مزید کہاکہ بروز جمعہ
6 مارچ 2026ءپورے ملک بشمول آزادکشمیر و گلگت بلتستان میں اجتماعات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور صہیونی و سامراجی مظالم کےخلاف صدائے احتجاج بھی بلند ہوگی ۔
انہوں نے ایک بارپھر مظاہرین پر ہونیوالی براہ راست فائرنگ، شہید ہونیوالے خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کیساتھ مطالبہ کیا کہ بلا جواز گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائے اور شفاف تحقیقات کر کے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرنیوالوں کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ہولی کا تہوار سوگ کے سبب سادگی سے منانے اور بعض جگہوں پر ہولی تقاریب کا انعقاد نہ کرنے پر ہندوبرادری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ظالم و قاتل صہیون و سامراج نے پوری انسانیت پرمظالم کی سیاہ رات طاری کررکھی ہے ایسے میں امن کےلئے تمام امن پسند قوتوں کے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
